i پاکستان

نیویارک، ایران سے تعلقات رکھنے والے پاکستانی شخص پر امریکی اہلکار کے قتل کی سازش کا الزام عائدتازترین

September 12, 2024

ایران سے تعلق رکھنے والے ایک پاکستانی شخص پر پاسداران انقلاب کے کمانڈر قاسم سلیمانی کے قتل کے بدلے میں ایک امریکی اہلکار کو قتل کرنے کی مبینہ سازش کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ غیرملکی خبررساںادارے کے مطابق نیویارک میں محکمہ انصاف اور استغاثہ نے ایک بیان میں کہا کہ 46 سالہ آصف رضا مرچنٹ نے مبینہ طور پر امریکا میں کسی سیاستدان یا امریکی حکومت کے اہلکار کو قتل کرنے کے لیے ایک ہٹ مین کی خدمات حاصل کرنے کی کوشش کی۔اٹارنی جنرل میرک گارلینڈ نے کہا کہ جیسا کہ آصف مرچنٹ کے خلاف دہشتگردی اور قتل کے لیے ہٹ مین ہائر کرنے کا الزام ہے، ہم ان لوگوں کا احتساب جاری رکھیں گے جو امریکیوں کے خلاف ایران کی مہلک سازش کو انجام دینے کی کوشش کریں گے۔یاد رہے کہ قاسم سلیمانی جنوری 2020 میں بغداد میں امریکی ڈرون حملے میں مارے گئے تھے۔جیسا کہ الزام لگایا گیا ہے، آصف مرچنٹ نے امریکی سیاست دانوں اور سرکاری اہلکاروں کو قتل کرنے کی سازش کی، امریکی اٹارنی بریون پیس نے مزید کہا کہ آج کا فرد جرم یہاں اور بیرون ملک دہشت گردوں کے لیے ایک پیغام ہے۔مطلوبہ ہدف کی شناخت نہیں کی جا سکی لیکن اٹارنی جنرل نے پہلے کہا تھا کہ آصف مرچنٹ کو 13 جولائی کو بٹلر، پنسلوانیا میں سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف قتل کی کوشش سے جوڑنے کے لیے کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا ہے۔

ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کرسٹوفر رے نے کہا کہ پاکستانی شہری کے ایران سے قریبی تعلقات تھے اور یہ کہ مبینہ طور پر مرڈر فار رینٹ کی سازش سیدھا ایرانی سازش تھی، ایف بی آئی کے ایک اور اہلکار نے بتایا کہ مبینہ طور پر جن لوگوں کو آصف مرچنٹ نے ہائر کرنے کی کوشش کی وہ ایف بی آئی کے خفیہ ایجنٹس تھے۔محکمہ انصاف نے بتایا کہ ایران میں وقت گزارنے کے بعد، آصف مرچنٹ پاکستان سے امریکا پہنچا اور ایک ایسے شخص سے رابطہ کیا جس کے بارے میں ان کا خیال تھا کہ وہ کسی سیاستدان یا سرکاری اہلکار کو قتل کرنے کی اسکیم میں ان کی مدد کر سکتا ہے۔تاہم اس شخص نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو آصف مرچنٹ کی اطلاع دی اور ایک خفیہ ذرائع بن گیا۔بعد ازاں آصف مرچنٹ کو 12 جولائی کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ ملک سے فرار ہونے کا منصوبہ بنا رہا تھا۔اقوام متحدہ میں ایران کے مشن نے اگست میں کہا تھا کہ اسے امریکی حکومت کی جانب سے اس بارے میں کوئی رپورٹ موصول نہیں ہوئی ہے۔2022 میں امریکا نے پاسداران انقلاب کے ایک رکن پر سابق امریکی قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن کے قتل کی سازش کا الزام لگایا تھا، محکمہ انصاف نے کہا کہ شہرام پورصفی، جو ابھی تک مفرور ہے، نے جان ولٹن کو قتل کرنے کے لیے امریکا میں ایک فرد کو 3 لاکھ ڈالر ادا کرنے کی پیشکش کی تھی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی