i پاکستان

نیا توشہ خانہ ریفرنس،چیف جسٹس درخواستوں کو جلد سماعت کیلئے مقرر کر سکتے ہیںتازترین

August 10, 2024

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق خاتون اول بشری بی بی کی نئے توشہ خانہ ریفرنس میں گرفتاری کیخلاف درخواست پر تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ارباب محمد طاہر کی جانب سے تحریری حکم نامہ جاری کیا گیا۔ تحریری حکمنامہ میں کہا گیا ہے کہ بشری بی بی کی نئے توشہ خانہ ریفرنس میں گرفتاری کیخلاف درخواست پر عائد اعتراضات دور کئے جاتے ہیں، درخواست گزار کے وکیل کے مطابق یہ درخواست دیگر دو درخواستوں کے ساتھ منسلک ہے۔ عدالتی حکم میں لکھا گیا کہ اسی ریفرنس میں کال اپ نوٹسز کے خلاف دو درخواستیں پہلے سے زیر سماعت ہیں، اس درخواست میں نیب کی جانب سے متواتر گرفتاری کو چیلنج کیا گیا ہے، وکیل کے مطابق اس درخواست اور دیگر دو درخواستوں میں ایک جیسے حقائق و قانونی نکات زیر غور ہیں۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے تحریری حکم میں کہا کہ عدالت وکیل کی آرا سے متفق ہوتے ہوئے سمجھتی ہے کہ اس درخواست کو بھی دیگر دو درخواستوں کے ساتھ سنا جائے، درخواستوں کی ایک ساتھ سماعت کیلئے رجسٹرار آفس اس درخواست کی فائل چیف جسٹس کو بھجوائے۔ عدالتی حکم میں مزید کہا گیا کہ درخواست گزار وکیل کے مطابق گرفتاری کا معاملہ فوری حل کا متقاضی ہے، چیف جسٹس درخواستوں کو جلد سماعت کیلئے مقرر کر سکتے ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی