ملک میں سال 2025 کا پہلا سورج طلوع ہوگیا جس نے طلوع ہوتے ہی لوگوں کے دلوں میں خوشحالی اور امن و امان کی امیدوں کی کرنیں بکھیر دیں، ملکی ترقی، خوشحالی اور امن و استحکام کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔2024اپنے ساتھ تلخ و شیریں یادیں لیے رخصت ہوا اور نئے سال 2025کا آغاز ہوگیا، سال نو کا پہلا سورج اپنی پوری رعنائیوں کے ساتھ نئی امیدیں، نئی امنگیں لے کر طلوع ہوچکا ہے۔ نئے سال کا نیا سورج روشن مستقبل کی دلیل بن گیا، آج ہر پاکستانی دعا گو ہے کہ آنے والا سال 2025امن، استحکام اور خوشحالی لائے۔اسلام آباد اور ملک کے مختلف شہروں میں سال نو کا پہلاسورج طلوع ہونے کے مناظر نے جلوے بکھیر دیئے۔ حب الوطنی کے جذبے سے سرشار ہوکر ملک و قوم کی ترقی اور استحکام کیلئے خصوصی دعائیں کیں۔ لوگوں کا کہنا تھا کہ ہمیں امید ہے کہ اس سال ان کے وہ تمام خواب پورے ہوں گے جو گزشتہ سال ادھورے رہ گئے تھے۔ قبل ازیں رات 12 بجتے ہی مختلف شہروں میں سال نو کا جشن منایا گیا، اسلام آباد، کراچی، پشاور میں آتش بازی کا خوبصورت مظاہرہ کیا گیا جبکہ آسمان رنگ و نور میں نہا گیا، شہر شہر فائر ورکس نے سماں باندھ دیا۔مختلف شہروں میں لوگ سڑکوں پر نکل آئے، جشن کے ساتھ نئے سال کا استقبال کیا، لاہور میں لبرٹی چوک کو رنگ برنگی روشنیوں سے سجا دیا گیا۔بحریہ ٹائون کراچی میں ڈانسنگ فانٹین پر میوزیکل شو کا انعقاد کیا گیا، لیزر لائٹ شو نے تقریب کو چار چاند لگا دیئے، کلفٹن میں باغ ابن قاسم پر سال نو کے جشن کا اہتمام کیا گیا جبکہ کے ایم سی کے میوزیکل ایونٹ میں منچلوں کا خوب ہلہ گلہ جاری رہا۔
کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی