پاکستان مسلم لیگ(ن)خیبر پختونخوا میں اختلافات شدت اختیار کرگئے جہاں پارٹی رولز کی خلاف ورزی پر صوبائی سینئر نائب صدر عبدالسبحان خان کو عہدے سے ہٹادیا گیا۔ مسلم لیگ(ن)کے صوبائی جنرل سیکرٹری مرتضی جاوید عباسی نے پارٹی کے صوبائی سینئر نائب صدر عبدالسبحان خان کو شوکاز نوٹس بھی جاری کیا ہے جس میں عبدالسبحان پر پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی اورپارٹی کو دھڑوں تقسیم کرنے کا الزام ہے۔ شوکاز نوٹس میں کہا گیا ہے کہ 15 دنوں کے اندرشوکاز نوٹس کا تسلی بخش جواب نہ دیا گیا تو پارٹی کی بنیادی رکنیت بھی ختم کردی جائے گی۔ سردار مہتاب، اقبال ظفرجھگڑا، ارباب خضرحیات اور دیگر کو بھی شوکاز نوٹس دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے(ن)لیگ کے رہنما ارباب خضر حیات نے کہا ہے کہ نظریاتی کارکن کسی قسم کے شوکاز نوٹسز کا جواب نہیں دیں گے، نظریاتی کارکن نواز شریف اور شہباز شریف کی قیادت میں متحد ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی