اسلام آباد ہائی کورٹ نے متنازع ٹوئٹ کیس میں رہنما تحریک انصاف اعظم سواتی کے ٹرائل سے متعلق سپیشل پراسیکیوٹر رضوان عباسی کی مہلت کی استدعا منظور کر لی۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق نے اداروں کے خلاف متنازع ٹویٹ کیس میں اعظم سواتی کی ضمانت منسوخی کی ایف آئی اے کی درخواست پر سماعت کی، دورانِ سماعت اعظم سواتی عدالتِ عالیہ میں پیش ہوئے۔ سپیشل پراسیکیوٹر رضوان عباسی نے دوران سماعت موقف اختیار کیا کہ اعظم سواتی ضمانت کا غلط استعمال کر رہے ہیں، انہوں نے دوبارہ اداروں سے متعلق متنازعہ گفتگو کی، اس کے ساتھ ہی انہوں نے متنازع گفتگو کا متن پڑھ کر سنا دیا۔ فاضل جج کے استفسار پر سپیشل پراسیکیوٹر نے بتایا کہ اعظم سواتی پر فرد جرم عائد ہونی ہے، عدالت نے رضوان عباسی کو ہدایت کی کہ آپ اس طرف ابھی نہ جائیں ٹرائل جلد مکمل کرانے پر توجہ دیں۔ سپیشل پراسیکیوٹر رضوان عباسی نے استدعا کی کہ مختصر سی تاریخ دے دیں، ٹرائل سے متعلق عدالت کو آگاہ کروں گا، عدالت نے اعظم سواتی کے ٹرائل سے متعلق سپیشل پراسیکیوٹر رضوان عباسی کی مہلت کی استدعا منظور کر لی، کیس کی مزید سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی گئی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی