پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر نے کہا ہے کہ مذاکرات کا مقصد حکومت کو ایکسپوز کرنا تھا، بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اب بھی آفرز آتی ہیں کہ حکومت کو دو سال چلنے دیں، عمران خان آفرز قبول کرلیں تورہا ہوجائیں گے مگر وہ اپنے اصولوں پر ڈٹے ہوئے ہیں۔ایک انٹرویو میں پی ٹی آئی رہنمانے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو کہا اسمبلی توڑنے کا مشورہ دینے والوں کوکہیں یہ ٹھیک نہیں ہے۔بانی پی ٹی آئی عمران خان کی مقبولیت میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے، حکومت کے تمام ہتھکنڈے ناکام ہو چکے ہیں۔بانی پی ٹی آئی کی وجہ سے لوگ ہم سے محبت کرتے ہیں۔جوعمران خان کیساتھ ہوگا وہی جیتے گا۔ اگر آج پارٹی چھوڑتا ہوں توپچاس بندے بھی میرے ساتھ نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ جنرل باجوہ کی خواہش نہیں تھی کہ عاصم منیر آرمی چیف بنیں۔ جنرل باجوہ نے مسلم لیگ ن سے توسیع لینے کا فیصلہ کیا تھا۔انہوںنے اعتراف کیا کہ ہمارے سارے فیصلے ٹھیک نہیں تھے۔ ہم سے غلطیاں بھی ہوئیں جس کا خمیازہ بھگت رہے ہیں ۔ جنید اکبر کا مزید کہنا تھا کہ میں چاہتا ہوں ملکی ادارے مضبوط ہوں۔ اداروں سے رابطہ کرنا وزیراعلی خیبرپختونخواہ علی امین گنڈا پورکی مجبوری ہے۔وہ بانی پی ٹی آئی کی وجہ سے وزیراعلی ہیں۔بانی پی ٹی آئی عمران خان علی امین گنڈا پورپرعدم اعتماد کردیں تووہ گھرچلے جائیں گے وہ بانی پی ٹی آئی کے وفادارہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی