چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے مشکل معاشی حالات میں آئی ایم ایف جیسے پیچیدہ چیلنجز کو بھی کامیابی سے حل کیا۔جاری اپنے بیان میں رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ جب وزیراعظم شہباز شریف نے وزارت عظمی کا منصب سنبھالا تو انہوں نے مزار قائد پر حاضری دیتے ہوئے عزم کیا تھا کہ وہ پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے اور عالمی سطح پر ملک کا وقار بحال کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اپنے تجربے، مدبرانہ سوچ اور انتھک محنت سے وزیراعظم نے نہ صرف اقوام متحدہ جیسے بین الاقوامی فورمز پر پاکستان اور امت مسلمہ کی باوقار نمائندگی کی بلکہ مشکل معاشی حالات میں آئی ایم ایف جیسے پیچیدہ چیلنجز کو بھی کامیابی سے حل کیا۔چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام نے مزید کہا کہ آج معیشت کی بہتری اور سفارتی میدان میں کامیابیاں جیسے پاکستان میں ایس سی او کانفرنس کا انعقاد اور سعودیہ، چین اور روس کے ساتھ اہم معاہدے شہباز شریف کی مدبرانہ قیادت کا ثبوت ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی