5 روز قبل وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی پروٹوکول گاڑی کے مبینہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے نوجوان کے لواحقین کو حکومت نے 25 لاکھ روپے کا چیک دے دیا۔ وزیراعلی مریم نواز کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر نارووال سید حسن رضا اور رکن صوبائی اسمبلی احمد اقبال مرحوم محمد ابوبکر کے گھر آبائی گا وں جسر پہنچے، انہوں نے مرحوم کے والدین سے تعزیت کا اظہار کیا اور وزیراعلی کا تعزیتی پیغام پہنچایا۔ وزیراعلی کی جانب سے انہوں نے ابوبکر کے والد فخر ایاز کو 25 لاکھ روپے کا چیک دیا۔ رکن صوبائی اسمبلی احمد اقبال نے کہا کہ حکومت متاثرہ خاندان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ 18 اپریل کو 23 سالہ ابوبکر نارووال شکر گڑھ روڈ پر وزیر اعلی کی پروٹوکول گاڑی کی مبینہ ٹکر سے جاں بحق ہوگئے تھے۔ نارووال کے ڈی ایس پی ملک محمد خلیل نے بتایا تھا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق ابوبکر کو نامعلوم موٹر سائیکل سوار کی ٹکر سے زمین پر گرتے ہوئے دیکھا گیا، اس کے بعد وہ سرکاری گاڑی سے ٹکرا گئے جس کے نتیجے میں ان کی موت ہو گئی۔ مریم نواز نے مبینہ طور پر واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کی تھی۔ ابوبکر ایک فلنگ پمپ پر ملازم تھا اور اس کے والد فخر ایاز ایک مزدور ہیں، وزیراعلی نے پولیس کو سرکاری گاڑی کے ڈرائیور کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کی بھی ہدایت کی تھی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی