وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے لینڈ ریکارڈ ڈیجیٹلائزیشن کے لئے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کر دی۔ وزیر اعلی پنجاب مریم نوازشریف کی زیر صدارت بورڈ آف ریونیو ریفارمز سے متعلق خصوصی اجلاس ہوا جس میں پنجاب اربن لینڈ سسٹمز ان ہانسمنٹ (Pulse) پراجیکٹ پر بریفنگ دی گئی، پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی اور مینجمنٹ آف سٹیٹ لینڈ نے بزنس پلان کے امور پر بریفنگ دی۔ دوران بریفنگ بتایا گیا کہ ورلڈ بینک کے تعاون سے پلس پراجیکٹ کے تحت لینڈ ریکارڈ ڈیجیٹلائزیشن کی جا رہی ہے، پنجاب کے تمام موضع جات کی آنر بیسڈ ڈیجیٹلائزیشن کی جائے گی، پارٹیشن آف لینڈ اور پارسل ڈاکومنٹ کے ذریعے ریونیو سسٹم کو شفاف بنایا جائے گا۔ بریفنگ میں کہا گیا کہ گورنمنٹ ہر طرح سے کلیئر پراپرٹی کو گرین ڈیکلیئر کرے گی، ایشوز والی لینڈ کو ییلو اور ریڈ ڈیکلیئر کیا جائے گا، مشترکہ کھاتے کا سسٹم ختم کرنے کی تجویز کا سنجیدگی سے جائزہ لیا جائے گا، ہر خریدار کو علیحدہ پراپرٹی نمبر ملنے سے قانونی پیچیدگیاں کم ہوں گی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ فرد ملکیت اور انتقال اراضی کے سسٹم کو بھی ڈیجیٹلائزیشن کر کے آسان بنایا جائے گا، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے اوورسیز پراپرٹی ٹرانسفر سروس کا جائزہ اوورسیز پراپرٹی ٹرانسفر سروس میں فرد، میوٹیشن،ای گرد آوری اور رجسٹریشن کی سہولت دی جا رہی ہے۔ اس موقع پر وزیراعلی مریم نوازشریف نے ڈیجیٹلائزیشن کے لئے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی اور لینڈ ڈیجیٹلائزیشن کے عمل میں متعلقہ محکموں کے اشتراک کار کو یقینی بنانے کا حکم دیا۔ وزیر اطلاعات عظمی بخاری، ایم پی اے ثانیہ عاشق، چیف سیکرٹری، چیئرمین پی اینڈ ڈی، ایس ایم یو کے ہیڈ اور دیگر حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی