i پاکستان

مریم نواز کا جیل ریفارمز کا جامع پلان طلبتازترین

May 22, 2024

وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے جیل ریفارمز کا جامع پلان طلب کر تے ہوئے پنجاب بھر کے بخشی خانے اور لاک اپ کی ری ویمپنگ پراجیکٹ کی منظوری دے دی اور کہا کہ لاہور ری ویمپنگ ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کا آغاز کردیا، اس کی تکمیل پر لاہور کی کوئی سڑک خراب اور گلی ٹوٹی نہیں رہے گی،ہور میں پہلا سرکاری کینسر ہسپتال اور نواز شریف آئی ٹی سٹی بنا رہے ہیں۔ وزیر اعلی مریم نواز شریف کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمی بخاری، ایم پی اے ثانیہ عاشق، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، ہوم سیکرٹری نورالامین مینگل، آئی جی جیل خانہ جات فاروق نذیر اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران فیصل آباد اور راولپنڈی میں وویمن جیلوں کے قیام کی اصولی منظوری دی گئی جبکہ وزیراعلی پنجاب نے نئی جیلوں کو شہر سے باہر قائم کرنے کی ہدایت بھی کی۔ مریم نوازشریف نے بخشی خانے اور لاک اپ کی ری ویمپنگ کا حکم دیتے ہوئے پنجاب بھر کے بخشی خانے اور لاک اپ کی ری ویمپنگ کی پراجیکٹ کی منظوری بھی دے دی۔ اجلاس میں جیلوں سے جرائم پیشہ افراد کے ممکنہ بیرونی رابطوں پر اظہار تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جیلوں کی سائبر سیکورٹی کے انتظامات کو فول پروف بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ دوسر طرف وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف سے استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما عون چودھری نے ملاقات کی جس میں لاہور میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ عون چودھری نے لاہور کے ترقیاتی منصوبوں میں وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی خصوصی دلچسپی کو سراہا۔ ملاقات کے دوران مریم نواز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایل ڈی اے ایوینیو ون میں ماڈل سینٹرل پارک قائم کر کے لاہور ری ویمپنگ ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کا آغاز کردیا، ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کی تکمیل پر لاہور کی کوئی سڑک خراب اور گلی ٹوٹی نہیں رہے گی۔ وزیراعلی پنجاب نے مزید کہا کہ لاہور میں 100 مقامات پر فری وائی فائی سروس فراہم کی گئی ہے، لاہور میں پہلا سرکاری کینسر ہسپتال اور نواز شریف آئی ٹی سٹی بنا رہے ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی