ملکہ کوہسار مری آنے والے سیاحوں کے لیے خصوصی ٹریفک ایڈوائزری جاری کردی گئی۔ سی ٹی او مری بینش فاطمہ نے کہا ہے کہ مری میں داخل ہونے کے لیے ڈرائیونگ لائسنس، پبلک سروس گاڑیوں کا فٹنس سرٹیفکیٹ ہونا لازمی ہے، بڑی گاڑیوں کے داخلے کے لیے ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے، سیاح مری آنے کے لیے مکمل طور پر درست گاڑی کا انتخاب کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ گاڑی کے وائپر اور لائٹس مکمل طور پر درست حالت میں رکھیں، سلپری روڈ اور خطرناک موڑ ہونے کی وجہ سے تیز رفتاری سے گریز کریں، دوران ڈرائیونگ ون وے کی خلاف ورزی اور غلط اوور ٹیکنگ نہ کریں، مری کی تمام سڑکیں دو طرفہ ہیں لہذا ڈبل لائن بنانے سے گریز کریں۔ بینش فاطمہ کا کہنا تھا کہ سیاح گاڑی کو روڈ پرکھڑی کرکے تصاویر نہ بنائیں تا کہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو، شاہراہوں پر کھڑے ٹریفک وارڈنز اور ضلعی پولیس اہلکاروں کے ساتھ تعاون کریں۔ چیف ٹریفک آفیسر مری نے فورس کو ہدایت کی کہ ٹریفک افسران و اہلکار ایمانداری سے ٹریفک ڈیوٹی سر انجام دیں، مری آنے والے سیاحوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے، ڈی ایس پی ٹریفک مری اور دیگر افسران خود فیلڈ میں رہ کر سیاحوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کریں، مری پہاڑی علاقہ ہے، ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی