ملکہ کوہسار مری میں ایک مرتبہ پھر برفباری کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ برفباری کا سلسلہ ایک مرتبہ پھر شروع ہونے کے بعد اختتام ہفتہ پر سیاحوں کی غیر معمولی تعداد نے ملکہ کوہسار مری کا رخ کر لیا ۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں بارش کے بعد سردی میں اضافہ اور فضائی آلودگی میں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔محکمہ موسمیات نے سیالکوٹ، گجرات، گوجرانوالہ اور ظفروال سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آزاد کشمیر میں بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، ادھر وادی نیلم میں شدید سردی ریکارڈ کی گئی جبکہ وادی گریس اور شونٹھر سمیت بالائی علاقوں میں دریا، ندی نالے اور چشمے جم گئے۔مزید برآں بلوچستان کے شمالی علاقوں میں شدید سردی ہے جبکہ پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم سرد ہے۔ محکمہ موسمیات کہنا ہے کہ شہر قائد شدید سردی کی لپیٹ میں ہے، جبکہ شہر کا درجہ حرارت 8.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ا محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز دن کے اوقات میں درجہ حرارت 26.5 ڈگری ریکارڈ ہوا ہے، شمال مشرق سمت سے 9 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتارسے ہوا چل رہی ہے۔ ہوامیں نمی کا تناسب 38 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ایئر کوالٹی انڈیکس میں دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی 13 نمبر پر موجود ہے۔
کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی