ملکہ کوہسار مری اور گلیات میں وقفے وقفے سے ہونے والی برفباری کا سلسلہ تھم گیا جبکہ آزاد کشمیر کی گریس ویلی میں شدید سردی کے باعث دریائے نیلم پر پانی جم گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق مری میں برفباری تھمنے کے بعد دھوپ نکل آئی ہے تاہم سرد ہواں کا سلسلہ جاری ہے، مری کے ٹھنڈیموسم سے لطف اندوز ہونے کیلئے سیاحوں کارش بڑھ گیا ہے جبکہ مری کے تمام راستے اور سڑکیں کھلی ہوئی ہیں۔محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مری میں درجہ حرارت ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب، بالائی سندھ اور خیبر پختونخوا کے میدانی علا قوں میں دھند چھائی رہ سکتی ہے۔ پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث موٹر وے کو متعدد مقامات پر بند کردیا گیا، موٹر وے پولیس نے عوام سے حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ترجمان موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ موٹر وے ایم 2 ٹھوکر نیاز بیگ سے کالا شاہ کاکو انٹر چینج تک دھند کی وجہ سے بند کردی گئی ہے۔اس کے علاوہ موٹر وے ایم ٹو کوٹ مومن تاللہ انٹر چینج تک دھند کے باعث بند کی گئی ہے، موٹر وے ایم ٹو ٹھوکر نیاز بیگ سے بابوصابو تک بند رہے گی۔
ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق موٹر وے ایم ٹو لاہور سے ہرن مینار تک۔ موٹر وے ایم تھری سمندری سے درخانہ تک، موٹر وے ایم فور پنڈی بھٹیاں سے ملتان تک دھند کی وجہ سے بند رہے گی۔ موٹروے ایم 2 ٹھوکر نیاز بیگ سے بابو صابو تک موٹر وے ایم 3 سمندری سے درخانہ تک اور ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے ملتان تک دھند کی وجہ سے بند ہے۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ خطہ پوٹھوہار اور خیبر پختو نخوا میں چند مقامات پر کہرا پڑنے کی توقع ہے، جبکہ اسلام آباد اورگردونواح میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔بیان کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، مری، گلیات اور گردونواح میں موسم شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں موسم سرد، پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے، جبکہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔اس کے علاوہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد رہے گا جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے، جبکہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی