i پاکستان

موسم کی خرابی کے سبب سیالکوٹ ائیرپورٹ پر فلائٹ آپریشن درہم برہمتازترین

July 23, 2024

موسم کی خرابی کے باعث سیالکوٹ ائیرپورٹ پر فلائٹ آپریشن میں خلل آیا جس کی وجہ سے 8 غیرملکی پروازیں متاثر ہوئیں۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق سیالکوٹ میں شدید موسمی خرابی کی وجہ سے فلائٹ آپریشن غیر معمولی متاثر ہوا ہے، طیاروں کو لینڈ کرنے کے لیے کئی کئی گھنٹے فضا میں چکر کاٹنے پڑے جب کہ فیول ختم ہونے پر ایک غیرملکی پرواز کو لاہور ائیرپورٹ پر اتارنا پڑا۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق موسمی خرابی کی وجہ سے سیالکوٹ کی 8 غیرملکی پروازیں متاثر ہوئیں، دوحہ سے پہنچی قطر ائیر کی پرواز کو سیالکوٹ لینڈنگ کیلیے ڈھائی گھنٹے انتظار کرنا پڑا جسے بعد ازاں فیول کم ہونے پر لاہور لینڈ کرایا گیا۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ اسی طرح ائیرعربیہ کی شارجہ کی پرواز بھی ساڑھے 3 گھنٹے چکر کاٹ کر لینڈ کر سکی جب کہ فلائی دبئی کی دبئی سیالکوٹ کی پرواز بھی ڈیڑھ گھنٹے چکر کاٹ سیالکوٹ لینڈ کرسکی۔ پی آئی اے کی پرواز کو جدہ سے تاخیر سے روانہ کیا گیا جب کہ سیالکوٹ سے غیرملکی چاروں پروازوں کی روانگی میں بھی غیرمعمولی تاخیر ہورہی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی