موٹروے پولیس نے سیال موڑ کے قریب اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 8 کروڑ مالیت کے غیرملکی برانڈ کے سگریٹ پکڑ لیے۔ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے پولیس اور کسٹم حکام کی مشترکہ کارروائی کے دوران سیال موڑ کے قریب غیر ملکی برانڈ کے سگریٹوں سے بھرے 3 ٹرک پکڑے گئے۔ ترجمان نے بتایا کہ ٹرکوں سے سگریٹ کے 600 کارٹن برآمد ہوئے جن کی مالیت 8 کروڑ روپے ہے۔ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ ٹرکوں کے 3 ڈرائیوروں ماجد خان، منیر خان اور اعجاز احمد کو گرفتار کر کے سرگودھا کسٹم حکام کے حوالے کردیا گیا ہے، ملزمان اسمگل شدہ سگریٹ مردان سے قصور، ساہیوال اور خانیوال سپلائی کرنے جا رہے تھے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی