ایف آئی اے نے مونس الہی کے دوست احمد فرحان خان کی گمشدگی میں ملوث ہونے کی تردید کردی۔ لاہور ہائیکورٹ میں مونس الہی کے قریبی دوست کی مبینہ غیر قانونی حراست کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے فائل جسٹس عالیہ نیلم کو بھجوادی۔ جسٹس عالیہ نیلم کچھ دیر بعد سماعت کرے گی۔ عدالت نے ایف آئی اے سمیت دیگر فریقین سے جواب طلب کررکھا ہے۔ ایف آئی اے نے احمد فرحان کی حراست سے متعلق رپورٹ جمع کرواتے ہوئے کہا کہ وہ ایف آئی اے کے پاس نہیں ہے۔ ایف آئی اے نے جواب میں کہا کہ احمد فرحان خان کو ایف آئی اے نے گرفتار نہیں کیا۔ ان کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں تاہم کارپوریٹ کرائم سے متعلق ایک انکوائری چل رہی ہے۔ ایف آئی اے نے کہا کہ احمد فرحان کو اسی انکوائری کے سلسلے میں طلب کیا گیا تھا لیکن وہ پیش نہیں ہوئے اور ان کے وکیل نے پیش ہوکر کہا کہ ان کے موکل لاہور میں نہیں ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی