i پاکستان

مولانا فضل الرحمن کے کہنے پر دوبارہ انتخابات نہیں ہو سکتے، نوید قمرتازترین

May 16, 2024

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما نوید قمر نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن کو مطالبہ کرنے کا حق ہے لیکن ان کے کہنے پر فوری انتخابات نہیں ہو سکتے،وفاقی کابینہ میں شمولیت کی پیشکش موجود ہے اس پر پارٹی میں فی الحال کوئی بات نہیں ہوئی ،سی ای سی فیصلہ کریگی۔ایک انٹرویو میں نوید قمر نے کہا کہ بینظیربھٹو نے سرمایہ کاری نہیں کی تھی بلکہ انہیں مجبوری میں دبئی میں رہنا پڑا، بینظیربھٹو کو جلاوطن کردیا گیا تھا جس پرانہیں متحدہ عرب امارات میں رہنا پڑا تھا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں عدم استحکام کی وجہ سے کوئی خودکو محفوظ نہیں سمجھتا۔ان کا کہنا تھا کہ نجکاری کے معاملے پر ہم نے حکومت کو اپنی تجاویز دی ہیں اور ملازمین کی سیکیورٹی چاہتے ہیں۔پیپلز پارٹی رہنماء نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کو مطالبہ کرنے کا حق ہے لیکن مولانا فضل الرحمن کے کہنے پر فوری انتخابات نہیں ہو سکتے۔ان کا کہنا تھا کہ کابینہ میں شمولیت کی پیشکش موجود ہے اس پر پارٹی میں فی الحال کوئی بات نہیں ہوئی اور کابینہ میں شمولیت کا فیصلہ پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کی منظوری سے ہو گا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی