i پاکستان

مولا نا فضل الرحمان اپنے قول وفعل میں تضاد پیدا نہ کریں، علی امین گنڈاپورتازترین

November 01, 2024

وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے جے یو آئی سربراہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان اپنے قول وفعل میں تضاد پیدا نہ کریں، حکومت جعلی پرچے کر کے لوگوں کو تنگ کر رہی ہے اس حرکت سے اس نے خود کو ہی ایکسپوز کر دیا، اس بار ہم جائیں گے تو پھر حکومت کا تختہ الٹ کر ہی واپس آئیں گے۔تفصیل کے مطابق وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے اٹک جیل سے رہا ہونے والے سرکاری ملازمین کا استقبال کیا جنہیں ڈی چوک احتجاج کے دوران گرفتار کیا گیا تھا ۔وزیراعلی کے پی علی امین گنڈا پور نے ڈی چوک احتجاج کے دوران پکڑے گئے 42 ریسکیو اہلکاروں کو رہائی کے بعد ملاقات کے لیے وزیراعلی ہائوس کے پی بلایا۔رہائی پانے والے ریسکیو اہلکاروں میں فائر فائٹرز، ڈرائیورز، میڈیکل ٹیکنشنز اور دیگر عملہ شامل ہے۔وزیر اعلی علی امین گنڈا پور اور ایم این اے فیصل امین گنڈا پور نے ریسکیو اہلکاروں کا استقبال کیا اور ان پر گل پاشی کی جس کی ویڈیو بھی بنائی گئی۔اس موقع پر وزیراعلی کے پی نے رہا ہونے والے سرکاری ملازمین کیلیے ون اسٹیپ پروموشن کا اعلان اور سرکاری ملازمین کو ایک ہفتے کی چھٹی کی ساتھ 10 ہزار روپے اسٹائپنڈ بھی دے دیا۔

اس موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو چاہیے کہ وہ اپنے قول و فعل میں تضاد پیدا نہ کریں۔ اگر آج دوبارہ الیکشن ہوں تو جے یو آئی (ف ) ایک سیٹ بھی نہیں جیت سکتی۔ وزیراعلی کے پی نے مزید کہا کہ پر امن احتجاج کے لیے جانے والے ہمارے بہت سے کارکنوں کو گرفتار کیا گیا۔ ہمارے 90 فیصد سرکاری لوگ عدالتوں کے ذریعے رہا ہوچکے ہیں، کچھ لوگ باقی رہ گئے ہیں وہ بھی جلد رہا ہو جائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے خلاف غیر قانونی مقدموں کا سلسلہ جاری ہے۔ حکومت جعلی پرچے کر کے لوگوں کو تنگ کر رہی ے لیکن اپنی اس حرکت سے اس نے خود کو ہی ایکسپوز کر دیا ہے۔علی امین گنڈاپور نے واضح طور پر کہا کہ اس بار ہم جائیں گے تو پھر حکومت کا تختہ الٹ کر ہی واپس آئیں گے۔ دریں اثناء ڈی جی ریسکیو 1122 محمد ایاز خان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وزیراعلی نے رہا ہونے والے ریسکیو اہلکاروں کی ون اسٹیپ پروموشن کا اعلان کیا ہے اور اہلکاروں کو ایک ماہ کی اضافی تنخواہ دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔محمد ایاز نے کہا کہ وزیراعلی علی امین گنڈاپور کے مشکور ہیں کہ ریسکیو اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی، وزیراعلی نے ریسکیو اہلکاروں کے الانسز بڑھانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ان کا کہنا تھا وزیراعلی کے پی نے ریٹائرمنٹ کی عمر50 سے 60 سال کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔ڈی جی ریسکیو محمد ایاز کا کہنا تھا کہ ریسکیو ٹیم کے 6 اہلکار اب بھی قید ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی