i پاکستان

موجودہ حکومت ملکی معیشت کو بحال کرنے کیلئے کوشاں ہے، سردارایازصادقتازترین

May 16, 2024

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ملکی معیشت کو بحال کرنے کیلئے کوشاں ہے، سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو بھرپور تعاون اور سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ وہ سعودی عرب کے معروف کاروباری گروپ التمیمی گلوبل کے صدر سردار محمد الیاس خان سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے سینٹورس کے سی ای او سردار یاسر الیاس خان، سینئر نائب صدر سینٹورس ڈاکٹر سردار راشد الیاس خان اور علی ملک کے ہمراہ سپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کی۔ سردار ایاز صادق نے پاکستان میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے میں سردار محمد الیاس خان کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تجارت کے فروغ کے لیے سردار الیاس خان کا کردار لائق تحسین ہے۔ سپیکر نے یقین دلایا کہ حکومت پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھنے والے مقامی اور بیرون ملک سرمایہ کاروں کے ساتھ ساتھ غیر ملکی کمپنیوں کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی اور انہیں ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ معاشی بحالی اور جی ڈی پی میں مسلسل اضافہ یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ مہنگائی پر قابو پانے اور عوام کو روزگار کے مواقع کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔سردار محمد الیاس خان نے کاروبار میں آسانی پیدا کرنے کے لیے سنگل ونڈو آپریشن کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم سرمایہ کاروں کو عالمی سطح پر دستیاب بے شمار مواقع کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹیکس مراعات اور ڈیوٹی میں چھوٹ فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ ستارہ پاکستان کا اعزاز حاصل کرنے والی ممتاز کاروباری شخصیت سردار الیاس خان کی کاوشوں کے نتیجے میں سعودی عرب میں 13,000 سے زائد پاکستانیوں کو روزگار ملا ہے، جس نے مجموعی طور پر15 ارب روپے سالانہ کی ترسیلات زر کے ذریعے ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی