صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ منشیات کی پیداوار اور اسمگلنگ جرائم پیشہ اور دہشت گرد عناصر کیلئے آمدن کا ذریعہ ہیں،ہمیں اپنے معاشرے بالخصوص تعلیمی اداروں میں منشیات کی ترسیل کو روکنا ہوگا،منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائیاں کریں،ہماری نوجوان نسل کا مستقبل ہمارے ہاتھ میں ہے۔منشیات کے استعمال اور اسمگلنگ کے خلاف عالمی دن پر اپنے پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہم منشیات کے استعمال اور اسمگلنگ کے خلاف عالمی دن " ثبوت واضح ہیں: روک تھام پر سرمایہ کاری کریں" کے عنوان کے تحت منا رہے ہیں، یہ دن پاکستان میں انسدادِ منشیات اور اسمگلنگ کے خاتمے کیلئے کوششیں تیز کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کی اشد ضرورت کو اجاگر کرتا ہے، منشیات کی پیداوار اور اسمگلنگ نوجوان نسل اور ان کے خاندانوں کیلئے نقصان دہ، جرائم پیشہ اور دہشت گرد عناصر کیلئے آمدن کا ذریعہ ہیں، منشیات کے استعمال کی بنیادی وجوہات سے نمٹنے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں ، میڈیا ، سول سوسائٹی ، والدین اور اساتذہ سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کی مدد سے ایک جامع حکمت ِعملی اپنانے کی ضرورت ہے، صدر مملکت نے کہا ہمیں منشیات سپلائی کرنے اور بیچنے والوں کے خلاف کاروائی کرکے اپنے معاشرے بالخصوص تعلیمی اداروں میں منشیات کی ترسیل کو روکنا ہوگا، قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چاہیے کہ وہ فعال اقدامات کریں اور منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائیاں کریں، منشیات کی لعنت کے خاتمے کیلئے آگاہی ، مور انسداد ِمنشیات قوانین ، روک تھام اور علاج پر سرمایہ کاری اور کمیونٹیز کو ساتھ لیکر چلنا انتہائی اہم ہے، صدر مملکت نے کہا ہمیں اپنی نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے بچانے کیلئے منشیات کے مضر اثرات بارے تعلیم دینا ہوگی، ہمیں نوجوانوں کی توانائیوں کو صحت مند اور پیداواری سرگرمیوں کی جانب موڑنا ہوگا، ہماری نوجوان نسل کا مستقبل ہمارے ہاتھ میں ہے، صدر مملکت نے کہا ہر شہری معاشرے سے منشیات کے خاتمے کیلئے جنگ میں حکومت کا ساتھ دے، منشیات کے مضر اثرات بارے انفرادی، خاندانی اور کمیونٹی کی سطح پر آگاہی پیدا کریں، روک تھام اور علاج کو ترجیح دیں، مجھے یقین ہے کہ ہم سب مل کر پاکستان کو منشیات سے پاک ملک بنا سکتے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی