عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں سابق وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔سپیشل جج سینٹرل تنویر احمد شیخ نے سابق وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی اور ان کے صاحبزادے مونس الہی ودیگر کیخلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کا تحریری حکم جاری کردیا۔عدالت نے سابق وفاقی وزیر مونس الہی سمیت دیگر کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کے سربراہ کو طلب کرتے ہوئے کہا کہ چودھری مونس الہی کے ریڈ نوٹسز اور بیرون ملک سے گرفتاری سے متعلق جے آئی ٹی معاملے کا خود تعاقب کرے۔تحریری حکم میں عدالت نے منی لانڈرنگ کے مقدمے میں چودھری پرویز الہی کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے کہا کہ پراسیکیوٹر کے مطابق پرویز الہی تشویش ناک حالت میں نہیں ہیں، پی ٹی آئی رہنما دیگر تقریبات میں شرکت کررہے ہیں۔عدالت نے ایف آئی اے کو حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر مونس الہی سمیت دیگر اشتہاری ملزمان کی جائیدادوں کی قرقی کے دورانیہ میں توسیع پر رپورٹ جمع کروائے، عدالت کیس کی مزید سماعت 28 نومبر کو کرے گی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی