پاکستانی عوام نے مہنگائی کم ہونے کے حکومتی دعوے کو مستردکرتے ہوئے کہا ہے کہ چیزوں کی قیمتوں میں کمی صرف اعلانات تک محدود ہے۔تفصیل کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے مہنگائی میں ریکارڈ کمی آنے کے دعوں پر عوام کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہریوں کا کہناتھا کہ ہر چیز دن بہ دن مہنگی سے مہنگی ہوتی جارہی ہے لیکن کوئی پوچھنے والا نہیں۔ ایک شہری نے کہا کہ حکومت مسلسل جھوٹ پہ جھوٹ بولے جارہی ہے کہ مہنگائی کم ہوگئی، گھی، چینی، مرغی اور سبزیوں کا ریٹ بڑھتا چلا جارہا ہے۔ایک خاتون نے بتایا کہ ہمیں تو مہنگائی میں کمی تو کہیں نظر نہیں آرہی سبزیوں کی قیمت بڑھ رہی ہے، پیسے کی قیمت وہی ہے اور چیزوں کی قیمت دگنی ہوگئی ہے۔دوسری جانب حکومت کا کہنا ہے کہ مہنگائی کی شرح میں کمی آگئی ہے، ادارہ شماریات کی رپورٹ کا جائزہ لیا جائے تو اس میں کہا گیا ہے کہ ماہ نومبر میں مہنگائی بڑھنے کی شرح میں 2.3فیصد کمی آئی ہے۔ جو 4.9فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔
کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی