محکمہ موسمیات نے 16 اپریل (آج)سے ملک میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کر دی ۔محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہوائوں کا سلسلہ 16اپریل کو ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوگا، بارش کا سلسلہ 16سے 19اپریل تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔خیبر پختونخوا میں 17 سے 21اپریل کے دوران بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے جبکہ کشمیر، گلگت بلتستان میں موسلا دھار بارش اور پہاڑوں پر برف باری متوقع ہے۔محکمہ موسمیات نے اسلام آباد، مری، گلیات، اٹک، چکوال میں بھی وقفے وقفے سے بارش کی پیشگوئی کی ہے جبکہ لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، سیالکوٹ سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش کا امکان ہے۔بلوچستان میں 16سے 19اپریل کے دوران مختلف حصوں میں بارش کا امکان ہے، کراچی، حیدرآباد، سکھر، جیکب آباد میں 17اور 19اپریل کے دوران بارش متوقع ہے ۔محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ بارش کے باعث جہاں درجہ حرارت میں کمی کا امکان ہے وہیں موسلادھار بارش کے سبب 17سے 18اپریل کے دوران دیر، سوات، چترال، کوہستان اور دریائے کابل کے ملحقہ علاقوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر، مری، گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کابھی اندیشہ ہے ۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی