i پاکستان

ملک کے مختلف حصوں میں موسلا دھار بارشیں، نشیبی علاقے ڈوب گئےتازترین

August 21, 2024

اسلام آباد اور لاہور سمیت ملک کے مختلف حصوں میں مون سون کی بارشوں نے تباہی مچا دی، بارش کا پانی جمع ہونے سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔ لاہور میں رات گئے لکشمی چوک، مال روڈ، جیل روڈ، باغبانپورہ، تاج پورہ، اقبال ٹاون اور چوبرجی سمیت مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش سے جل تھل ایک ہو گیا۔ صوبائی دارالحکومت میں رات گئے ہونے والی بارش نے رنگ جما دیا، ابر رحمت سے گرمی کی چھٹی ہو گئی جبکہ حبس سے جان چھوٹنے پر شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔ دوسری جانب مریدکے، کندیاں، چشمہ اور نواحی علاقوں میں تیز ہواں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی جبکہ بلوچستان میں مون سون بارشوں نے تباہی مچا دی ہے، خضدار میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی، کچے کے علاقوں میں سیلابی صورتحال برقرار ہے۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی بادل خوب برسے، نشیبی علاقے زیر آب آ گئے، گلی محلوں اور سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا جبکہ سندھ میں بارشوں کا زور دار سپیل جاری ہے، کراچی میں وقفے وقفے سے بارش ہو رہی ہے۔ ادھر آزاد کشمیر میں بھمبر، کوٹلی میں موسلادھار بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آ گئی ہے جبکہ ملحقہ آبادیوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی