i پاکستان

ملک کے مختلف حصوں میں آئندہ 24گھنٹوں میں بارش و برفباری کا امکانتازترین

February 12, 2025

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24گھنٹو ں میں ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ تاہم گلگت بلتستان میں چند مقامات پر بارش و برفباری کا امکان ہے۔آزاد کشمیر کے چند مقامات پر ہلکی بارش و برفباری کا امکان ہے جبکہ چترال کے بھی چند مقامات پر بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔وفاقی دارالحکومت، بلوچستان، پنجاب اور سندھ کے بیشتر اضلاع میں بھی سردی کی شدت برقرار رہے گی۔گزشتہ روز اسلام آباد، راولپنڈی، مری سمیت ملک کے مختلف حصوں میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوئی۔ جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ سب سے زیادہ بارش خیبر پختونخوا کے علاقے دیر میں 15 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

کالام میں 12، بالاکوٹ میں 06، مالم جبہ میں 04، چترال میں ایک ملی میٹر بارش ہوئی۔ پنجاب کے علاقے مری میں 03، اسلام آباد میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ گلگت بلتستان کے علاقے استور میں 02، بگروٹ میں ایک ملی میٹر بارش ہوئی۔ کالام میں 17انچ اور استور میں 02 انچ برفباری ہوئی۔گزشتہ روز کم سے کم درجہ حرارت لہہ میں منفی 07 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ جبکہ پارا چنار میں منفی 04، بگروٹ میں منفی 03، مالم جبکہ اور زیارت میں منفی 02 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ خیبر پختونخوا میں موسم سرد ہوگیا جب کہ کئی علاقوں میں بارش کے ساتھ ساتھ بالائی اضلاع میں 17 انچ تک برفباری بھی ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی چترال و زریں ،دیر بالاولوئر،سوات ، شانگلہ ،بونیر ،کوہستان بٹگرام ،مانسہرہ، خیبر ، کرم کے اضلاع میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور جزوی طور پر ابرآلود رہا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی