محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ24گھنٹوں میں اسلام آباد میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ بعض مقامات پر بارش کا امکان ہے، مری،گلیات اور گرد و نوا ح میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔راولپنڈی، اٹک، چکوال، میانوالی، سرگودھا، بھکر، خوشاب، شیخوپورہ، فیصل آباد، لاہور اور گرد و نواح میں چند مقامات پر بارش ہونے کا امکان ہے۔ سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا۔ چترال، دیر، سوات، شانگلہ، ہری پور اور مانسہرہ میں بارش کی توقع ہے۔ایبٹ آباد، چارسدہ، نوشہرہ، پشاور، کوہاٹ، کرک، باجوڑ، کرم، مالاکنڈ، وزیرستان اور گرد و نواح میں بارش ہونے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
دوسری جانب کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے اور شہر میں سمندری ہوائیں 6 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں جب کہ ہوا میں نمی کا تناسب 68 فیصد ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پچھلے24 گھنٹوں میں کم سے کم درجہ حرارت 21 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ جمعہ سے کراچی میں درجہ حرارت میں مزید اضافے کا امکان ہے اور اس دوران درجہ حرارت 37 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہ سکتا ہے۔جمعہ سے شہر کا موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، دن میں شمال مغرب سے گرم اور خشک ہوائیں چل سکتی ہیں،شام میں سمندری ہوائیں بحال ہونے کا امکان ہے جب کہ 25 مارچ سے درجہ حرارت میں کمی کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق عید کے دنوں میں درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی