سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ اب خاموش تماشائی نہیں رہا جا سکتا، ملک ٹیکنیکلی ڈیفالٹ ہو چکا ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ ڈیڈ لاک ہو گیا ہے، 10 روز میں اہم ریاستی، سیاسی، معاشی میٹنگز اور فیصلے ہو جائیں گے۔ منگل کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ وزیراعظم کی سوئی توشہ خانہ کی گھڑی پر پھنسی ہوئی ہے، پی ڈی ایم کو الیکشن میں ووٹ نہیں کچھ اور پڑے گا، پی ڈی ایم اندرونی توڑ پھوڑ کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک ٹیکنیکلی ڈیفالٹ ہو چکا ہے، عوام کا نام ہی ریاست ہے، عوام تباہی اور بربادی کے دہانے پر پہنچ گئے ہیں، اسٹیبلشمنٹ اور عوام کا چولی دامن کا ساتھ ہے، اب خاموش تماشائی نہیں رہا جا سکتا، آئی ایم ایف کے ساتھ ڈیڈ لاک ہو گیا ہے، 10 روز میں اہم ریاستی، سیاسی، معاشی میٹنگز اور فیصلے ہو جائیں گے۔ شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ ڈالر انٹربینک اور کرنسی مارکیٹ میں 30 روپے کا فرق ہے، ریزرو 5 ارب ڈالر سے کچھ زیادہ رہ گئے ہیں، آٹے کا قحط اور گیس کے بعد بجلی کی بھی لوڈشیڈنگ ہے، غیر ملکی سفارت خانوں نے اپنے عملے کو اسلام آباد میں محتاط رہنے کا کہہ دیا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی