ملک بھر میں سردی کی شدت برقرار ہے۔ استور میں درجہ حرارت منفی 3 ریکارڈ کیا گیا ۔ بین الاقوامی موسمیاتی ویب سائٹ کے مطابق صبح سویرے استور میں درجہ حرارت منفی 3، اسکردو میں منفی 2 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔فیصل آباد 5، سیالکوٹ 6، راولپنڈی 7، ملتان 8، لاہور میں 9 جبکہ کراچی میں درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔ ادھر بالائی علاقوں میں سال نو کی پہلی برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔دیر بالا کے میدانی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ شروع ہوگیا ، لواری ٹنل، کمراٹ، ڈوگ درہ سمیت پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ڈپٹی کمشنر دیربالا کا کہنا ہے کہ لواری ٹنل میں ایک فٹ تک برف پڑ چکی ہے جبکہ سڑک ٹریفک کے لیے کھلی ہے، بھاری مشینری سے برف ہٹاکر لواری ٹنل روڈ کو ٹریفک کے لیے بحال رکھا جا رہا ہے۔انہوں نے لواری ٹنل آنیوالے سیاحوں کو ہدایت کی کہ گاڑیوں کے ڈرائیورز لواری ٹنل آتے ہوئے ٹائروں کو زنجیریں ضرور ڈالیں۔ادھر ہنزہ میں بھی برفباری وقفے وقفے سے جاری ہے، محکمہ موسمیات نے بالائی علاقوں میں تین روز تک ہلکی برفباری کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی جبکہ سیاحوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔بلوچستان کے پاک افغان شمال سرحدی علاقوں میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے اور ندی نالے زیرآب آگئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلسل بارش کی وجہ سے چمن میں بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی اور کئی علاقوں میں لائنیں ٹرپ کر گئیں۔موسلادھار بارش کی وجہ سے کوئٹہ چمن شاہراہ پر اگلے 24 گھنٹے کی ٹریول ایڈوائزری جاری کردی گئی ہے۔
دوسری جانب مظفر آباد میں بادل برس پڑے، وادی نیلم اور وادی لیپہ میں برفباری نے سردی کی شدت میں اضافہ کردیا ۔خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں برفباری کے بعد پہاڑوں نے سفید چادر اوڑ ھ لی، گلگت بلتستان میں بھی غضب کی سردی پڑنے لگی، پارہ نقطہ انجماد سے بھی کئی درجے نیچے گرگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں میں بالائی خیبرپختونخوا، شمالی بلوچستان، گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں ہلکی بارش اورپہا ڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ دریں اثناء لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں جس کے باعث حد نگاہ صفر ہو گئی ہے۔صوبائی دارالحکومت میں شدید دھند کے باعث لاہور ایئرپورٹ پر پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہو گیا، رن وے کے اطراف میں حد نگاہ 150 میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔دھند کی وجہ سے جدہ سے آنے والی سعودی ایئر لائن کی پرواز ایس وی 738 کو لینڈنگ کی اجازت نہ ملی اور طیارے کا رخ اسلام آباد ایئرپورٹ کی جانب موڑ دیا گیا۔شدید دھند کے باعث موٹر ویز کو متعدد مقامات سے بند کر دیا گیا، موٹر وے ایم 2 لاہور سے کوٹ مومن تک ٹریفک کیلئے بند ہے جبکہ موٹر وے ایم 3 لاہور سے عبدالحکیم تک بھی بند کر دی گئی ہے۔موٹر وے ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے ملتان تک ٹریفک کیلئے بند ہے، موٹر وے ایم 5 شیر شاہ سے روہڑی تک بند ہے جبکہ لاہور سیالکوٹ موٹر وے ایم 11 پر بھی ٹریفک کی نو انٹری ہے۔شدید دھند کی وجہ سے شہروں کے اندر بھی ٹریفک کی روانی متاثر ہو گئی ہے اور ٹریفک پولیس نے عوام سے غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے جبکہ ڈرائیورز کو فوگس لائٹس کے استعمال کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی