ملک بھر میں آج 27 اکتوبر کو کشمیریوں کیساتھ یکجہتی کے اظہار کیلئے یوم سیاہ منا یا جائے گا،سرکاری سطح پر جلسے جلوس اور ریلیاں منعقد ہونگی۔وزارت داخلہ کی جانب سے سرکاری سطح پر یوم سیاہ منانے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں ۔وزارت داخلہ کی جانب سے جاری مراسلے میں سی ڈی اے کو یوم سیاہ پر 27 اکتوبر کو سرکاری سطح پر ریلی کے انتظامات کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ یوم سیاہ کے حوالے سے ریلی کے تمام انتظامات کے لئے ڈائریکٹرز کو ہدایات جاری کر دی گئیں ۔کشمیریوں سے یکجہتی کے اظہار کیلئے سرکاری سطح پر ریلی ایکسپریس چوک سے ریڈیو پاکستان تک نکالی جائے گی۔ واضح رہے کہ 27 اکتوبر 1948 کو بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں قبضہ کیا تھا، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قبضے کو 77 برس مکمل ہونے پر پاکستان نے 27 اکتوبر کو یوم سیاہ منانے کا فیصلہ کیا ہے۔خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر پر بھارتی قبضے کے 77 برس مکمل ہونے پر آج قومی اسمبلی میں یوم سیاہ کی قرارداد بھی متفقہ طور پر منظور کی گئی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی