ملک بھر میں یوم دفاع پاکستان ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا ، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دن کا آغاز 31 جب کہ صوبائی دارالحکومتوں میں21 ،21 توپوں کی سلامی سے ہوا، مساجد میں فوج کے شہدا کے لیے قرآن خوانی اور ملکی استحکام کیلئے دعائیں مانگی گئیں ،مذاہب کے ماننے والوں کی عبادت گاہوں میں بھی دعائیہ تقریبات منعقد ہوئیں۔ منگل کو وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا اور جانوں کی پرواہ نہ کرنے والے غازیوں کو خراجِ تحسین اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ملک بھر میں یومِ دفاع 6 ستمبر بھرپور ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا ۔یومِ دفاع کے موقع پر دن کا آغاز نمازِ فجر کے بعد ملک کی ترقی و خوشحالی اور مقبوضہ جموں و کشمیر کو بھارت کے ظالمانہ چنگل سے آزاد کرانے کے لیے مساجد میں خصوصی دعائیں مانگ کر کیا گیا، جب کہ شہدا کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ اس سلسلے میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دن کا آغاز31 جب کہ صوبائی دارالحکومتوں میں21 ،21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ یا د رہے چھ ستمبر 1965 کے دن بھارتی فوج نے پاکستان پر حملے کیلئے رات کی تاریکی میں عالمی سرحد عبور کی تاہم پوری طرح چوکس مسلح افواج نے قوم کی بھرپور حمایت سے دشمن کے مذموم عزائم خاک میں ملا دئیے اور دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی