ملک بھر میں حالیہ بارشوں اور برفباری سے موسم ایک بار پھر شدید سرد ہوگیا۔لاہور میں گزشتہ شب وقفے وقفے سے بادل برستے رہے۔بارش کے باعث لاہور میں موسم سرد ہوگیا جب کہ وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کی جانب سے گزشتہ روز بتایا گیا تھا کہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں بارش برسانے والا سسٹم داخل ہو چکا ہے، جس کے زیراثر ہلکی بارش وقفے وقفے سے جاری رہنے کی توقع ہے۔ ادھر حالیہ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کے بعد بلوچستان کے شمالی اضلاع میں موسم ایک بار پھر شدید سرد ہو گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں درجہ حرارت کم سے کم منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔قلات، زیارت، مستونگ، پشین، قلعہ عبد اللہ، قلعہ سیف اللہ میں موسم سرد و خشک ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے۔
ادھر پشاور میں گزشتہ روز سے جاری بارشوں سے موسم سرد ہوگیا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔ شہر میں درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔ کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع صاف اور موسم معتدل رہنے کا امکان ہے۔کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 21.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ۔شہر قائد میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 سے 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔کراچی میں شمال مشرق کی سمت سے خشک ہوائیں چل سکتی ہیں۔ادھر دھند کے باعث موٹر وے ایم ون پشاور سے اسلام آباد ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی۔ ملک کے دیگر حصوں ملکہ کوہسار مری، گلیات،وادی کاغان و ناران اور آزادکشمیرکی وادی نیلم میں شدید برفباری شروع ہو گئی ہے، جس سے بیشتر سڑکیں بند ہو گئی ہیں۔ مری اور گلیات میں سیاحوں کا داخلہ بھی بند کر دیا گیا ہے۔ انتظامیہ اور امدادی ادارے پوری طرح الرٹ کر دیے گئے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی