محکمہ موسمیات نے رمضان المبارک کے آغاز میں ملک بھر میں بارش کی پیشگوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ملک بھر میں 2 اور 3 مارچ کو شدید بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بالائی خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش اورپہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے ۔ خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع میں آج رات سے گرج چمک کے ساتھ مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ صوبے میں بارشوں اور برف باری کا یہ نیا سلسلہ 2 سے 4 مارچ تک جاری رہنے کی پیش گوئی ہے۔ اس دوران چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مالاکنڈ، بونیر، باجوڑ، مہمند، خیبر اورکزئی، کرم، وزیرستان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، بنوں، کرک اور کوہاٹ میں گرج چمک کے ساتھ وقفے سے بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔صوبائی محکمے کی جانب سے ضلعی انتظامیہ کو بارش اور برفباری کے باعث کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے پیشگی نمٹنے کے لیے مراسلہ جاری کردیا گیا، جس میں کسی بھی نا خوشگوار واقعے سے پیشگی نمٹنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کو چھوٹی بڑی مشینری کی دستیابی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بارشوں کے دوران عوام بجلی کی تاروں، بوسیدہ عمارتوں و تعمیرات، سائن بورڈز اور بل بورڈز سے دور رہیں۔
کسان موسمیاتی پیش گوئی کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنے معمولات ترتیب دیں۔ اسی طرح حساس بالائی علاقوں میں سیاحوں اور مقامی آبادی کو موسمی حالات سے باخبر رہنے کے لیے احتیاتی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ دوسری جانب صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے بلوچستان میں بھی آج سے ایک اور طاقتور مغربی اسپیل کا الرٹ جاری کردیا۔پی ڈی ایم اے کے مطابق ایک اور طاقتور مغربی موسمی سسٹم بلوچستان کی جانب بڑھ رہا ہے، یہ سسٹم آج 2 مارچ کو بلوچستان میں داخل ہونے کا امکان ہے جب کہ اتوار دوپہر سے شام تک مغربی لہر بلوچستان کو متاثر کرسکتی ہے۔ پی ڈی ایم اے کا کہنا ہیکہ چمن، زیارت، نوشکی، مستونگ، پشین، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، چاغی، خاران، قلات، سوراب، خضدار، بارکھان، ہرنائی، دکی، موسی خیل، ژوب اور شیرانی سسٹم کے زیر اثر رہیں گے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق 2 مارچ سے بارش، آندھی، گرج چمک اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے لہذا برفباری، طوفان اور سیلاب کے دوران مسافر اور سیاح غیر ضروری سفر سے گریزکریں۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے تیز ہواں کے دوران شہریوں کو گھروں میں رہنے اور احتیاط کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جب کہ تمام متعلقہ اداروں کو بھی الرٹ رہنے اور ضروری اقدامات کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ادھر گلگت بلتستان میں شدید بارشیں اور لینڈ سلائیڈنگ سے شاہراہ قراقرم متعدد مقامات سے بند ہو گئی۔ایبٹ آباد میں برف باری میں پھنسے سیاحوں کو ریسکیو کرلیا گیا، بالاکوٹ اور گردونواح میں بارش کا سلسلہ دو روز سے جاری رہا، وادی کاغان میں ملحقہ رابطہ سڑکیں بند ہو گئیں، ناران اور دیگر علاقوں میں تین فٹ تک برفباری ریکارڈ کی گئی۔استور میں تیسرے روز بھی وقفے وقفے سے شدید برفباری ہوئی، برفانی تودہ گرنے سے استور ویلی روڈ بند ہوگئی، علاقے میں بجلی اور پانی کی سپلائی بھی معطل ہوگئی۔آزاد کشمیر میں برفباری کے باعث شاہراہ نیلم لوات سے اپر وادی تک بند ہوگئی، لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہا، حافظ آباد میں بارش کے ساتھ شدید ژالہ باری بھی ہوئی، گلیاں اور سڑکیں اولوں سے ڈھک گئیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی