ملک کے مختلف شہروں میں بادلوں نے انٹری دے دی، لاہور میں پیر کو مختلف علاقوں میں رواں موسم سرما کی پہلی بارش کے ساتھ موسم خوشگوار ہوگیا ۔ صوبائی دارالحکومت میں صبح سویرے ہونے والی بارش سے موسم مزید سرد ہوگیا اور خشک سردی کا زور ٹوٹ گیا۔لاہور کے مختلف علاقوں گڑھی شاہو، ایبٹ روڈ، مال روڈ، جیل روڈ، فیروزپورروڈ، ماڈل ٹان، گلبرگ، کلمہ چوک، گارڈن ٹان کے اطراف میں ہلکی بارش ہوئی، ، اس کے علاوہ قصور، کاہنہ، پاکپتن اور رینالہ خورد میں بھی بوندا باندی ہوئی۔ دوسری جانب بارش کے پیش نظر ایم ڈی واسا نے تمام ڈسپوزل اسٹیشنز کی اسکرینوں کو مکمل صاف رکھنے کی ہدایات کردی۔اپنے ایک بیان میں ایم ڈی واسا نے کہا کہ تمام مرکزی شاہراہوں اور انڈر پاسز کو مکمل کلیئر رکھا جائے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں موسم شدید سرد رہنے کا امکان ہے، گلگت بلتستان، کشمیر اور شمال مشرقی پنجاب میں مطلع جزوی ابر آلو رہنے کے علاوہ ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہو سکتی ہے۔ پنجاب، بالائی سندھ اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں دھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق پہاڑی علاقوں میں کڑاکے کی ٹھنڈ پڑ رہی، لہہ میں پارہ منفی 13 تک گر گیا، سکردو منفی 11، گوپس میں منفی 9 ریکارڈ کیا گیا، گلگت، دیر منفی 8، استور منفی 7، قلات، بگروٹ منفی 6، کوئٹہ، زیارت اور چترال میں منفی 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں مزید سردی بڑھنے کی پیشگوئی کی ہے۔
کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی