i پاکستان

مخصوص نشستیں، 35 ارکان قومی اسمبلی کے پی ٹی آئی سے وابستگی کے حلف نامے جمعتازترین

July 15, 2024

مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کرتے ہوئے 35 ارکان قومی اسمبلی نے پاکستان تحریک انصاف سے وابستگی کے حلف نامے جمع کرا دیئے۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی سندھ کے 9 ایم پی ایز نے بھی وابستگی سرٹیفکیٹ پارٹی کو جمع کرا دیئے، پنجاب سے 100 سے زائد ارکان نے پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کے سرٹیفکیٹ جمع کرائے۔ دوسری جانب وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور حلف نامے کے معاملے پر شش وپنج کا شکار ہیں جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور علی اصغر نے تاحال وابستگی سرٹیفکیٹ جمع نہیں کرائے۔ ادھر خیبرپختونخوا اسمبلی کے 70 سے زائد ممبران نے بھی حلف نامے جمع کرا دیئے۔ ذرائع کے مطابق ممبران نے حلف نامے وزیراعلی علی امین گنڈا پور کے پاس جمع کرائے، باقی ممبران بھی جلد حلف نامے جمع کرائیں گے، ممبران نے جمع کرائے گئے حلف نامے میں لکھا کہ پی ٹی آئی میں تھے اور رہین گے، پی ٹی آئی کے پلیٹ فارم سے ہی الیکشن لڑا۔ پی ٹی آئی قیادت کی پارٹی وابستگی سرٹیفکیٹ سے متعلق مشاورت کا عمل جاری ہے۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کے کیس میں پشاور ہائی کورٹ اور الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کو مخصوص نشستوں کا حقدار قرار دے دیا تھا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی