i پاکستان

مینڈیٹ کا احترام کرنے والوں کو عوام اپنی تائید اور حمایت سے نوازتے ہیں،شیخ وقاص اکرمتازترین

January 03, 2025

پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ مینڈیٹ کا احترام کرنے والوں کو عوام اپنی تائید اور حمایت سے نوازتے ہیں، پی ٹی آئی کے پی عوام کی منتخب سیاسی قوت ہے۔انہوں نے ن لیگ کے مرکزی رہنما اور وفاقی وزیر امیر مقام کے بیان پر اپنے ردعمل میں کہا کہ امیر مقام کی بے سروپا گفتگو ن لیگ کی سیاست کا شاخسانہ ہے، امیر مقام الزامات سے پہلے زمینی حقائق پر نظر ڈالیں۔پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے عوام کی نمائندہ اور منتخب سیاسی قوت ہے۔ امیر مقام بتائیں ان کی رہائشگاہ پر کتنی بار حملہ کیا گیا؟ پنجاب کی طرح اسلام آباد بھی سیاسی کارکنوں کیلئے غیرمحفوظ ہے۔خیبرپختونخواہ واحد صوبہ ہے جہاں منتخب نمائندے عوام کی خدمت میں مصروف ہیں، سیاسی انتقام ہمارا شیوہ ہے اور نہ ہی پی ٹی آئی اس پر یقین رکھتی ہے۔انہوں نے کہا امیر مقام کی جماعت کو عوام کی تائید میسر نہیں تو یہ سوال شریف خاندان سے پوچھیں۔ عوامی مینڈیٹ کا احترام کرنے والوں کو عوام اپنی تائید اور حمایت سے نوازتے ہیں۔

کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی