i پاکستان

مینڈیٹ چور سرکار جمہوریت کیخلاف مجرمانہ اقدام کی بنیادوں پرکھڑی ہے،شیخ وقاص اکرمتازترین

January 23, 2025

پی ٹی آئی کے سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ مینڈیٹ چور سرکار جمہوریت کیخلاف مجرمانہ اقدام کی بنیادوں پرکھڑی ہے، مذاکرات کے نام پر ان کے ڈھونگ نے انھیں قوم کی نگاہوں میں مزید بے نقاب کیا ۔اپنے ایک بیان میں شیخ وقاص اکرم نے وزیر دفاع خواجہ آصف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ گروہ ہمیشہ عوام کے ووٹ کی توہین اور مینڈیٹ چوری سے اقتدار میں پہنچا، عوام کے حق حکمرانی پر ڈاکہ ڈالنے میں اس ٹولے نے مرکزی کردار ادا کیا، نوازشریف پاکستان میں جمہوریت کیخلاف سازشوں کا مرکزی مہرہ رہا۔شیخ وقاص نے خواجہ آصف کے بارے میں کہا کہ جس دن جمہوریت بحال ہوگی سیالکوٹ کا یہ فارم 47 سے بنا وزیر بھاگے گا، سیالکوٹ کا یہ وزیر کسی کفیل سے اقامے کی بھیک مانگے گا، اس کا احتساب پہلے سیالکوٹ کے عوام اور پھر پوری قوم کرے گی۔

انھوں نے کہا کہ اقتدار کو بچانے کیلئے ان مجرموں کو ملک دا ئوپر لگانا پڑا تو دریغ نہیں کریں گے، بانی پی ٹی آئی پر قوم کا غیرمتزلزل اعتماد ان کی سیاسی موت کا پروانہ ہے۔دریں اثناء سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی نے ایک انٹرویو میں کہا حکومت جیل میں ملاقات نہیں کراسکتی تو آگے معاملات کیسے بڑھائیگی، مذاکرات کیلئے سنجیدہ ہیں اسی لیے تو ہم نے مذاکراتی کمیٹی تشکیل دی۔حکومت کے سامنے موقف رکھا پھر کہا گیا تحریری طور پر پیش کریں، تحریری مطالبات دیکھ کر حکومت کمیٹی کی آنکھیں کھل گئیں، یہ تحریری مطالبات کے ذریعے کچھ اور پروگرام بناکر بیٹھے تھے۔شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ ہم نے تو انھیں تحریری مطالبات پیش کر کے موقع ہی نہیں دیا، مطالبات پیش کرنے کے بعد حکومتی ارکان کی پریس کانفرنسز ثبوت ہیں۔انھوں نے کہا کہ مطالبات میں واضح لکھا ہے کہ 9مئی اور 26نومبر پر جوڈیشل کمیشن بنائیں، کہتے ہیں ایک ایک چیز کا جواب دینگے، ہمیں جواب نہیں کمیشن چاہیے، جوڈیشل کمیشن بنے گا شواہد پیش ہونگے تو حقیقت سامنے آجائے گی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی