i پاکستان

میجر راجہ عزیز بھٹی کا 59 واں یوم شہادت عقیدت واحترام سے منایا گیا ، صدرمملکت، وزیراعظم اور پاک فوج نے خراج عقیدت پیش کیاتازترین

September 12, 2024

جنگ ستمبر 1965 کے ہیرو اور نشان حیدر اعزاز حاصل کرنے والے میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کا 59واں یوم شہادت جمعرات کو انتہائی عقیدت واحترام سے منایا گیا ۔ صدرمملکت آصف علی زرداری ،وزیر اعظم شہبازشریف اور اور پاک فوج کی جانب سے قومی ہیرو کو زبرست خراج عقیدت پیش کیاگیا۔گجرات میں میجر راجہ عزیز بھٹی شہید نشان حیدر کے مزار پر تقریب کا انعقاد کیا گیا۔میجر جنرل محمد شمریز نے مزار پر پھول رکھے، فاتحہ خوانی کی اور سلامی دی گئی۔میجر راجہ عزیز بھٹی شہید نے12ستمبر65 کو پاک بھارت جنگ کے دوران لاہور کے محاذ پر جام شہادت نوش کیا انہیں پاکستان کی مسلح افواج کے سب سے بڑے اعزاز نشان حیدر سے نوازا گیا۔پاکستانی قوم ارض پاک کے اس عظیم سپوت کو سلام عقیدت پیش کر رہی ہے ۔ میجر راجا عزیز بھٹی نے لاہور پر بھارت کے حملے کو پسپا کیا تھا۔صدرمملکت آصف زرداری اور وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے میجر راجہ عزیز بھٹی نشان حیدر کے 59ویں یومِ شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔ دریں اثناء صدر مملکت آصف علی زرداری نے میجر عزیز بھٹی شہید نشانِ حیدر کے یوم شہادت پر خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم میجر عزیز بھٹی کی بے مثال قربانی اور بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں، میجر عزیز بھٹی نے 1965 کی پاک بھارت جنگ میں دشمن کے سامنے نہایت جواں مردی سے ڈٹ کر قوم کے دفاع کا فریضہ سرانجام دیا۔صدر مملکت کاکہنا تھا کہ مادر وطن کی حفاظت کیلئے جان قربان کرنے پر پوری قوم اپنے ہیرو کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے، میجر عزیز بھٹی کی لازوال قربانی ہمارے لیے ایک روشن مثال ہے۔صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ہم اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ اپنے وطن کے لیے ہر ممکن قربانی دینے کو تیار رہیں گے۔صدر مملکت نے میجر عزیز بھٹی شہید کیلئے بلندی درجات کی بھی دعا کی ۔وزیراعظم شہبازشریف نے بھی اپنے پیغام میں کہا کہ میجر راجہ عزیز بھٹی شہید نشانِ حیدر نے ستمبر 1965 کی جنگ میں اپنی جرات و شجاعت سے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا، لاہور پر شب خون مار کر قبضہ کرنے کا خواب دیکھنے والے دشمن کو میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کے وطن کے دفاع کیلئے غیر متزلزل عزم نے واپس بھاگنے پر مجبور کر دیا۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ میجر راجہ عزیز بھٹی شہید جرات و بہادری کا نشان بن کر عددی برتری کے نشے میں چور دشمن اور لاہور کے درمیان سیسہ پلائی دیوار کی مانند ڈٹ کر کھڑے رہے

میجر راجہ عزیز بھٹی شہید نشان حیدر کی وطن کے دفاع کیلئے اس عظیم قربانی کو رہتی دنیا تک پاکستان کی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ان کاکہنا تھا کہ میجر راجہ عزیز بھٹی شہید نشانِ حیدر کا وطن کی خاطر جان کی پراوہ کئے بغیر دشمن سے لڑنے کا جذبہ اور فرض شناسی نسل نو کیلئے قابل تقلید مثال ہے۔وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم میجر راجہ عزیز بھٹی شہید نشانِ حیدر اور ملک کے دفاع کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ہرجوان کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے، پاکستانی قوم اپنے شہدا اور ان کے اہلِ خانہ کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے جنگ ستمبر 1965 کے ہیرو میجر عزیز بھٹی شہید کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔اپنے پیغام میں انہوں نے کہاکہ میجر عزیز بھٹی شہید نے دفاع وطن کے لئے اپنی قیمتی جان نچھاور کرتے ہوئے شجاعت اور جرات کی داستان رقم کی، میجر عزیز بھٹی شہید نے بہادری سے دشمن کا مقابلہ کرکے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا۔وزیرداخلہ نے کہا کہ میجر عزیز بھٹی شہید کو قوم سلام پیش کرتی ہے ، محافظ وطن میجر عزیز بھٹی شہید کی لازوال قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا وہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔ دوسری جانب میجر عزیز بھٹی شہید کے 59 ویں یوم شہادت پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، سروسز چیفس اور پاک فوج نے شہید کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق میجر عزیز بھٹی کی فرض شناسی، غیر متزلزل عزم اور عظیم قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج میجر عزیز بھٹی کی یاد کو سلام پیش کرتی ہیں اور ان کی وراثت کو خراج تحسین پیش کرتی ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی