میانوالی میں بیٹیوں کے رشتہ کے تنازع پر خاتون نے دوسری خاتون اور اس کی بیٹی پر تیزاب پھینک دیا، ملزمہ کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا گیا۔ میانوالی کے وانڈھی گھنڈ والی محلہ میں تیزاب گردی کا واقعہ پیش آیا، جہاں ملزمہ نے بیٹیوں سے رشتہ نہ کرنے پر خاتون اور اس کی بیٹی پر تیزاب پھینک دیا۔ رپورٹ کے مطابق علاقہ مکینوں نے ملزم خاتون کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔ واقعے کے بعد متاثرہ خاتون کو بیٹی سمیت اسپتال منتقل کردیا گیا۔ ڈاکٹرز کے مطابق دوںوں خواتین کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ متاثرہ خاتون کے دیور کے مطابق ملزمہ پروین بی بی چاہتی تھی کہ ان کی بیٹیوں کا رشتہ میرے بھائی کے ساتھ ہو مگر ایک سال قبل ہی میرے بھائی نے اپنی مرضی کی شادی کرلی تھی، اسی رنج پر ملزمہ نے تیزاب پھینکا۔ واقعے کا ڈی پی او نے نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی سرکل صدر سے رپورٹ طلب کرلی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی