i پاکستان

محسن نقوی کی گورنر خیبرپختونخوا کو صوبے میں قیام امن کیلئے تعاون کی یقین دہانیتازترین

August 08, 2024

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کنڈی کو صوبے میں قیام امن کیلئے تعاون کی یقین دہانی کرا تے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے، کرم میں اراضی کے تنازع پر قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع انتہائی افسوسناک ہے، کرم سمیت خیبرپختونخوا میں امن عامہ کی صورتحال کو بہتر بنایا جائے، گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کی جس میں صوبے کی مجموعی صورتحال، امن عامہ اور کرم کے افسوسناک واقعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر داخلہ اور گورنر خیبرپختونخوا نے کرم کے واقعات پر سخت تشویش کا اظہار کیا اور مستقبل میں ایسے واقعات کے سدباب کے لئے کثیر الجہتی مشترکہ حکمت عملی ترتیب دینے پر اتفاق ہوا۔ ملاقات کے دوران وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیبر پختونخوا میں قیام امن کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے، کرم میں اراضی کے تنازع پر قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع انتہائی افسوسناک ہے، بعض عناصر نے دو گروپوں کے مابین تصادم کو غلط رنگ دیا جس سے کشیدگی میں اضافہ ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ کرم سے تعلق رکھنے والے ایم ڈبلیو ایم کے ایم این اے حمید حسین کی قیادت میں معززین علاقہ سے ملاقات کی، کرم میں صورتحال کو معمول پر لانے کیلئے فوری اقدامات کئے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بھی صورتحال کے تناظر میں موثر اقدامات کئے، پوری کوشش ہے کہ کرم سمیت خیبرپختونخوا میں امن عامہ کی صورتحال کو بہتر بنایا جائے، امن کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے میں بیرونی ہاتھ نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے قیام امن کیلئے تعاون پر وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی