i پاکستان

محکمہ وائلڈ لائف کا چھاپہ، نایاب برفانی چیتے کی کھال برآمد، ملزم گرفتارتازترین

August 30, 2024

محکمہ وائلڈ لائف نے چھاپہ مار کر نایاب برفانی چیتے کی کھال برآمد کر کے ملزم گرفتار کر لیا۔ وزیراعلی مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب میں نایاب جنگلی حیات کے تحفظ کیلئے سخت کومبنگ آپریشن جاری ہے، محکمہ وائلڈ لائف نے تازہ کارروائی میں نایاب برفانی چیتے کی کھال برآمد کر لی۔ وائلڈ لائف کے مطابق ملزم کو گرفتار کر کے مزید تفتیش پر پورے گروہ کی نشاندہی کر لی گئی جن کی گرفتاریوں کے لئے آپریشن جاری ہے۔ ملزم کو لاہور کی نجی سوسائٹی میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کر کے برفانی چیتے کی کھال برآمد کی گئی، عالمی مارکیٹ میں نایاب برفانی چیتے کی قیمت 20 ہزار ڈالر ہے جو پاکستانی 56 لاکھ روپے بنتے ہیں۔ سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے ڈائریکٹر جنرل مدثر ریاض ملک، اسسٹنٹ ڈائریکٹر عاصم کامران، وائلڈ لائف کی تمام ٹیم اور پولیس پارٹی کو شاباش دی۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ جنگلی حیات کے تحفظ سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی پر کوئی رعایت نہیں ملے گی، جنگلات اور جنگلی حیات کا تحفظ موسمی تبدیلیوں کے چیلنج سے نمٹنے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزم سوشل میڈیا کے ذریعے نایاب جنگلی جانوروں کی کھال فروخت کرنے کا غیر قانونی دھندہ کر رہا تھا، پاکستان دنیا کے ان 12 ممالک میں شامل ہے جہاں نایاب برفانی چیتے پائے جاتے ہیں، برفانی چیتے پاکستان میں نسل ختم ہونے کے خطرے سے دوچار جنگلی حیات میں شامل ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں تین سو سے چار سو برفانی چیتے باقی بچنے کی اطلاعات ہیں، عالمی سطح پر نایاب برفانی چیتے کی نسل کی بقا کے لئے خصوصی کوششیں جاری ہیں جن میں پاکستان بھی شامل ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ تاریخ میں پہلی بار پنجاب میں جنگلی حیات اور جانوروں کے تحفظ کیلئے قوانین پر سخت ترین عملدرآمد کا آغاز کیا گیا، وزیراعلی مریم نواز شریف کی ہدایت پر پہلی بار پنجاب میں بھی جدید ممالک کی طرز پر جنگلات اور جنگلی حیات کی ڈیجیٹل میپنگ کا آغاز کیا گیا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی