i پاکستان

محکمہ موسمیات کی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے چند مقامات پر بارش کی پیشگوئیتازترین

May 24, 2024

محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے چند مقامات پر بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت میں مزید اضافے کی پیشگوئی کی گئی ہے، خیبر پختونخوا کے مختلف بالائی علاقوں میں بارش کی توقع ہے۔گلگت بلتستان اورآزادکشمیر میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے جبکہ خطہ پوٹھوہار،مری،گلیات اور گردو نواح میں بارش ہونے کی امید ہے، اسلام آباد اور گر دو نواح میں موسم شدید گرم رہے گا، سندھ کے ساحلی علاقوں میں بھی موسم گرم اور مرطوب رہنے کی پیشگوئی ہے۔دوسری جانب وزیراعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید نے خبردار کیا ہے کہ ملک میں جاری ہیٹ ویو کی لہر جون کے آخری ہفتے تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے بھی خبردار کیا ہے کہ ملک کے مختلف علاقوں میں ہیٹ ویو کے پہلے اسپیل کا آغاز ہوگیا ہے جو جون کے آخری ہفتے تک جاری رہے گا۔ملک کے مختلف علاقوں میں ہیٹ ویو کے پہلے اسپیل کے آغاز کے ساتھ ہی محکمہ موسمیات نے گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ظاہر کردیا ہے اور موجودہ ہیٹ ویو کی لہر جون کے آخری ہفتے تک برقرار رہنے کی پیش گوئی بھی کردی۔گزشتہ روز کراچی میں گرمی کی شدت برقرار رہی، شہر میں پارہ 40 ڈگری تک پہنچ گیا، شہری انتظامیہ کی جانب سے شہر کے مختلف مقامات پر ہیٹ ریلیف کیمپ قائم کردیئے گئے ہیں۔ملک کے دیگر حصوں کی طرح لاہور میں بھی سورج خوب آگ برساتا رہا، محکمہ موسمیات نے لاہور میں بھی گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ظاہر کردیا، جبکہ لاہور اور فیصل آباد میں درجہ حرارت 44 ڈگری تک پہنچ گیا ہے۔اس کے علاوہ سندھ کے علاقے موہنجودڑو اور دادو میں درجہ حرات 49 ڈگری، سکھر اور نوابشاہ میں 48، حیدر آباد میں 46 ڈگری تک پہنچ گیا ہے۔پنجاب کے شہر بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان میں درجہ حرارت 46 ڈگری، ملتان، ساہیوال اور سرگودھا میں 45 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔وزیراعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید نے حالیہ ہیٹ ویو پر پریس کانفرنس کے دوران خبردار کیا کہ ملک کے مختلف شہروں میں ہیٹ ویو کا آغاز ہوچکا ہے اور جون تک ہیٹ ویو کے تین اسپیل آئیں گے۔انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ سر فہرست ممالک میں شامل ہے، پاکستان کا گلوبل وارمنگ میں شامل ہونا قدرتی نہیں بلکہ انسانی وجوہات کی وجہ سے ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہماری فصلوں اور گلیشیرز پر موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات مرتب ہو رہے ہیں،انہوں نے عوام سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، بیمار افراد گھروں میں رہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی