محکمہ موسمیات نے جون کے دوسرے ہفتے سے پری مون سون کے آغاز کی پیشگوئی کردی ۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جون کے دوسرے ہفتے سے پری مون سون کا آغاز ہو سکتا ہے، اس سال مون سون میں معمول سے زیادہ بارشیں ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔سندھ اور بلوچستان کا بارشوں سے زیادہ متاثر ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ ڈی جی محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ اپریل میں بارشوں سے تربیلا اور منگلا ڈیموں کو فائدہ پہنچا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خلیج بنگال پر ایک سائیکلون بنا ہوا ہے جوبھارت کے جنوبی علاقوں کو متاثر کرے گا، شمالی علاقوں میں بھی درجہ حرارت زیادہ ہوگا جس سے گلیشیئرز پھٹنے کا خدشہ ہے۔حکام کے مطابق بالائی فضا میں موجود ہوا کا زیادہ دباؤ اور محدود بادلوں کی موجودگی گرمی کی لہر کا باعث ہے، اب تک ساہیوال، اوکاڑہ، سبی، بھکر، لاڑکانہ جیکب آباد میں زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی