امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ اسرائیل کو مغربی طاقتوں کی سرپرستی حاصل ہے، ایک ایک فلسطینی کے لہو میں امریکا کا ہاتھ شامل ہے۔ راولپنڈی میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کہنا کہ مسلم حکمران اسرائیل کے ساتھ معاہدے کرکے طاقت فراہم کررہے ہیں،اسرائیل نے 85فیصد غزہ کو تباہ کردیا، اسرائیل 7اکتوبر کو ہار چکا ہے،اب وہ حماس سے نہیں لڑپاتا، اسرائیل اپنا بدلہ عام انسانوں سے لے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو یہ طاقت مسلم حکمرانوں کی خاموشی نے فراہم کی ہے، فوجیں فلسطینیوں کیلئے تو کچھ کر نہیں رہیں،بدقسمتی ! سے اسرائیل کو لگام دینے والا کوئی نہیں، امریکا اسرائیل کو طاقت اور اسلحہ فراہم کررہا ہے ، اسماعیل ہنہ کی شہادت افسوس ناک ہے ، ان کی شہادت سے نئی تحریک جنم لے گی۔ حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ احمدیوں کو کسی صورت آزادی نہیں دی جاسکتی،چیف جسٹس کو بھی یہ حق حاصل نہیں کہ وہ ماورائے آئین فیصلہ دیں، پاکستان آئین اور قانون کے مطابق چلنے والا ملک ہے، ہم قتل کے فتوے لگانے والے کی کسی طور حمایت نہیں کرسکتے۔ امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ ہم اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتے،اسرائیل ایک ناجائز ریاست ہے، حکمران کوئی جواز نکالنے کی کوشش کرتے ہیں جس سے صورتحال تشویشناک ہوتی ہے،اسرائیل کو اب اس واقعے کے بعد ناجائز ریاست ڈکلیئر کرنا چاہیے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی