مفکر پاکستان شاعرمشرق ڈاکٹر سر علامہ محمد اقبال کا86واں یوم وفات(آج) 21اپریل اتوار کو منایا جائے گااس سلسلے میں ملک بھر میں سرکاری و غیر سرکاری سطح پر تقریبات کا اہتمام کیاجائے گا جس میں حکیم الامت ڈاکٹر علامہ اقبال کی تحریک پاکستان کیلئے عظیم خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔اخبارات خصوصی ایڈیشن شائع کریں گے جبکہ پی ٹی وی اور نجی ٹی وی چینلز سے بھی خصوصی پروگرام نشر کیے جائیں گے۔شاعر مشرق علامہ اقبال ممتاز قانون دان اور تحریک پاکستان کی اہم شخصیت تھے اور اردو اور فارسی کے ممتاز شاعر تھے۔ڈاکٹر سر علامہ اقبال کو دور جدید کا صوفی شاعر سمجھا جاتا ہے ان کا بحیثیت سیاستدان اہم ترین کارنامہ نظریہ پاکستان کی تشکیل ہے جو انہوں نے 1930ء میں الہ آباد میں پیش کیا تھا علامہ اقبال کا پیش کردی یہی نظریہ پاکستان کے قیام کی بنیاد بنا اسی وجہ سے سر علامہ اقبال کو پاکستان کا نظریاتی سرپرست مانا جاتا ہے وہ اگرچہ قیام پاکستان سے قبل ہی اس جہان فانی سے کوچ کر گئے تھے لیکن انہیں پاکستان کے قومی شاعر کی حیثیت حاصل ہے۔بطور شاعر ان کی معروف ترین تصانیف میںبانگ درا،بال جبریل،ضرب کلیم،پیام مشرق اور دیگر قابل ذکر ہیں۔وہ21اپریل1938ء کو60برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی