سنی اتحاد کونسل کے رکن قومی اسمبلی خواجہ شیراز نے کہا ہے کہ ہمارے ادارے پی ٹی ائی کی ٹویٹ کرنے والوں کو تو اٹھا لیتے ہیں لیکن کچے کے ڈاکووں کو نہیں پکڑ سکتے۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں نقطہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں ہر طرف جرائم جاری ہیں اور کچے کا علاقہ ڈاکوں کا گھر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اغوا برائے تاوان کی وارداتیں عروج پر ہیں اور لوگوں کی جان و مال محفوظ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے لیکن ریاست اسے ادا کرنے سے قاصر ہے ۔خواجہ شیراز نے کہا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی کو وزارت خارجہ دی جائے کیونکہ وہ ہر وقت بیرون ملک دوروں پر رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں صرف کھیل کی ذمہ داری تک محدود رکھا جائے تو بہتر ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی