i پاکستان

معروف مذہبی سکالر علامہ شاہ احمد نورانی کی 19ویں برسی آج منائی جائیگیتازترین

December 10, 2022

معروف مذہبی سکالر علامہ شاہ احمد نورانی کی 19ویں برسی گیارہ دسمبر اتوار کو(آج) منائی جائے گی اس سلسلے میں ملک بھر میں جمعیت علماء پاکستان اور جماعت اہلسنت کے زیر اہتمام سیمینارز اور مختلف تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا جس میں علماء کرام ومقررین علامہ شاہ احمد نورانی کی دین اسلام کی سربلندی اور نظام مصطفیٰۖ کے نفاذ کیلئے پیش کی گئی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔علامہ شاہ احمد نورانی 31مارچ 1926ء کو رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں میرٹھ میں پیدا ہوئے۔وہ ایک بلند پایہ عالم دین تھے وہ انٹر نیشنل اسلامک مشن کے سربراہ تھے 1970ء میں وہ پارلیمنٹ کے رکن منتخب ہوئے،علامہ شاہ احمد نورانی 1973ء میں خانیوال کے ایک کنونشن میں جمعیت علماء پاکستان کے سربراہ منتخب ہوئے،1973ء میں وہ سینٹ کے رکن منتخب ہوئے جبکہ 1977ء میں وہ دوبارہ ممبر قومی اسمبلی بنے، انہوں نے جماعت اسلامی سمیت مختلف دینی جماعتوں کا اتحاد متحدہ مجلس عمل قائم کیا جس کے وہ صدر بھی تھے۔علامہ شاہ احمد نورانی کا اہم ترین کارنامہ ایک منظم تحریک کے ذریعے قادیانیوں کو غیر مسلم قرار دلوانا ہے۔علامہ شاہ احمد نورانی نے پوری زندگی نفاذ نظام مصطفیٰ،جمہوریت و آئین کی سربلندی کیلئے وقف کئے رکھی۔علامہ شاہ احمد نورانی 11دسمبر 2003ء کو 78برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی