لاہورہائی کورٹ نے عمران ریاض کو بازیاب کرنے کے لیے پولیس کو 10 روز کی مزید مہلت دے دی ،چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ہم عمران ریاض کی زندگی کے لیے دعاگو بھی ہیں اور کوشش بھی کررہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق لاہورہائی کورٹ میں جاری عمران ریاض بازیابی سے متعلق کیس میں پیش رفت سامنے آئی ہے۔ سینئر صحافی عمران ریاض کی بازیابی سے متعلق دائر درخواست پر سماعت لاہور ہائی کورٹ میں ہوئی، جس میں آئی جی پنجاب سمیت دیگر افسران عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ آئی جی پنجاب نے اپنے جواب میں کہا کہ اب ہم درست سمت میں جا رہے ہیں، اچھے نتائج آئیں گے۔ دوران سماعت عمران ریاض کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ہم ورکنگ کمیٹی کے سامنے پیش ہوئے ہیں، آئی جی پنجاب نے یقین دہانی کروائی ہے کہ ہم کوشش کررہے ہیں۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا آپ ورکنگ کمیٹی کی کاوش سے مطمئن ہیں؟ جس پر وکیل نے جواب دیا کہ ہمیں عمران ریاض کی بازیابی درکار ہے، اس کے لیے آئی جی پنجاب سمیت ان کی ٹیم کام کررہی ہے۔ وکیل نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ پولیس جلد عمران ریاض کو بازیاب کر سکے گی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ہم عمران ریاض کی زندگی کے لیے دعاگو بھی ہیں اور کوشش بھی کررہے ہیں۔ بعد ازاں عدالت نے عمران ریاض کو بازیاب کرنے کے لیے پولیس کو 10 روز کی مزید مہلت دے دی ۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی