لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کے بعد گرمی کی شدت میں کمی آ گئی ،بعض مقامات پر بجلی کا ترسیلی نظام متاثر ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ،شہر قائد میں مطلع جزوی ابر آلود، ٹھنڈی تیز ہواوں کا راج، شہر کے ایئر کوالٹی انڈیکس میں بھی بہتری آ گئی۔پنجاب کے مختلف شہروں میں علی الصبح گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، صوبائی دارالحکومت لاہور میں شملہ پہاڑی، لکشمی چوک، گوالمنڈی، قرطبہ چوک، ڈیوس روڈ، مال روڈ، اچھرہ، قینچی، چونگی امر سدھو، گجومتہ، اسلامپورہ، بند روڈ، انار کلی، شالامار باغ، ماڈل ٹاون، گلبرگ، گارڈن ٹان سمیت دیگر مقامات پر کہیں بوندا باندی تو کہیں بادل خوب برسے۔ پنجاب کے مختلف شہروں میں ہونے والی بارش کے باعث گرمی کا زور ٹوٹنے سے موسم خوش گوار ہو گیا، موسم ٹھنڈا ہونے کی وجہ سے شہریوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے، بعض مقامات پر بجلی کا ترسیلی نظام متاثر ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ دوسری طرف کراچی میں بھی مطلع جزوی ابر آلود ، شہر میں گزشتہ روز سے چلنے والی تیز ہواں کے باعث موسم انتہائی خوشگوار ہو گیا۔ موسم کا احوال بتانے والوں کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 66 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ دوسری جانب گزشتہ روز ہونے والی ہلکی بارش سے شہر کا ایئر کوالٹی انڈیکس بھی بہتر ہوا ہے، دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی آج 34 ویں نمبر پر موجود ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی