لاہور سمیت ملک بھر میں برسات سے پہلے بادلوں نے انٹری دے دی، کہیں ہلکی تو کہیں طوفانی بارشوں سے درجہ حرارت میں کمی آ گئی، موسم خوشگوار ہونے سے گرمی سے مرجھائے شہریوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے۔ لاہور، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، پشاور میں بادل برسنے سے پارہ نیچے آگیا، جھنگ، سیالکوٹ، خیر پور، ٹھل، بہاولنگر اور عارف والا میں بھی بادلوں نے رنگ جما دیا۔ تیز ہوا کے باعث لاہور کے بعض علاقوں میں لیسکو کے فیڈرز ٹرپ کر گئے، خیر پور میں مٹی کے طوفان سے کئی علاقوں کی بتی گل ہو گئی جبکہ ٹھل شہر بھی اندھیرے میں ڈوب گیا، ادھر جنوبی پنجاب کے 13 اضلاع میں بھی طوفان کے باعث بجلی کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا۔ دوسری جانب جھنگ میں بارش کا پانی ڈی ایچ کیو ہسپتال میں داخل ہو گیا جس کے باعث بیسمنٹ میں موجود پیڈز وارڈ، نرسز سٹیشنز، ڈاکٹرز کے دفاتر اور ادویات کے سٹور زیر آب آ گئے۔ کندیاں خاص میں طوفانی بارشوں سے دریائے سندھ میں پانی کی سطح بڑھ گئی، دریائے اٹک، دریائے کابل اور جناح بیراج سے پانی کی آمد کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث چشمہ بیراج کے 48 سپل ویز کھول دیئے گئے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی