لاہور چڑیا گھر کا ٹھیکہ نجی کمپنی کے سپرد کرنے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔درخواست جوڈیشل ایکٹوازم پینل نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر کی، درخواست میں حکومت پنجاب، محکمہ وائلڈ لائف اور محکمہ جنگلات کو فریق بنایا گیا ہے۔دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ شہریوں کی بڑی تعداد معلومات اور تفریح کی غرض سے چڑیا گھر آتی ہے، چڑیا گھر کے بہت سارے جانور اور پرندے شہریوں نے گود لے رکھے ہیں، چڑیا گھر کسی قانونی جواز کے بغیر نجی کمپنی کے سپرد کر دیا گیا۔درخواست میں مزید موقف اپنایا گیا کہ نجی کمپنی چڑیا گھر میں آنے والے شہریوں کی جیبوں سے پیسے بٹور رہی ہے، پارکنگ، داخلہ فیس کے علاوہ چڑیا گھر میں جھولوں کی قیمتیں آسمان پر جا پہنچی ہیں، چڑیا گھر کے جانوروں کی دیکھ بھال نہ ہونے سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔
کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی